ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منڈیا میں روشن بیگ کی زور دار انتخابی مہم، بی جے پی کے زوال کا آغاز کرناٹک سے ہوچکا ہے

منڈیا میں روشن بیگ کی زور دار انتخابی مہم، بی جے پی کے زوال کا آغاز کرناٹک سے ہوچکا ہے

Wed, 31 Oct 2018 23:56:43    S.O. News Service

بنگلورو۔31؍اکتوبر(سیاست نیوز) منڈیا لوک سبھا حلقے کے ضمنی انتخاب میں کانگریس جے ڈی ایس اتحاد سے میدان میں اترنے والے امیدوار ایل آر شیورامے گوڈا کے حق میں آج سابق وزیر اور سینئر کانگریس لیڈر روشن بیگ نے اپنی انتخابی مہم کا سلسلہ جاری رکھا، کل سری رنگا پٹن اور مدور میں انتخابی مہم چلانے کے ساتھ مقامی عمائدین اور مختلف اداروں اور انجمنوں کے ذمہ داروں سے ملاقات اور کانگریس جے ڈی ایس متحدہ امیدوار کو کامیاب بنانے کی گزارش کے بعد آج جناب روشن بیگ نے منڈیا کا رخ کیا اور منڈیا ٹاؤن میں انہوں نے ایل آر شیورامے گوڈا کے حق میں گھر گھر جاکر انتخابی مہم چلانے کے ساتھ پدیاترا میں بھی حصہ لیا۔ اور یہاں کے عوام سے گز ارش کی کہ ریاست میں کانگریس جے ڈی ایس مخلوط حکومت کو استحکام بخشنے اور فرقہ پرست بی جے پی کو سر اٹھانے سے روکنے کے لئے وہ لوک سبھا انتخاب میں اتحاد کے امیدوار ایل آر شیورامے گوڈا کو کامیاب بنائیں۔انہوں نے منڈیا ضلع کے مختلف اداروں اور انجمنوں کے ذمہ داروں سے بھی بات چیت کی اور ان سے گزارش کی کہ ان انتخابات میں فر قہ پرست بی جے پی کو سبق سکھانے کے لئے کانگریس جے ڈی ایس اتحاد کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہاکہ پچھلے پانچ سال کے دوران مرکز میں مودی حکومت نے جہاں ملک کے معاشی نظام کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے وہیں ملک کی ہر ریاست میں نفرت کے ماحول کو اس قدر بڑھایا جارہاہے کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کا گہوارہ کہلانے والے علاقوں میں بھی لوگ ایک دوسرے کے دشمن بن رہے ہیں۔ خوش قسمتی سے کرناٹک میں ایسا ماحول نہیں بنا ہے۔ اس کے لئے کانگریس قائدین کے ساتھ جے ڈی ایس کے قومی سربراہ دیوے گوڈااور وزیر اعلیٰ کمار سوامی کافی حد تک ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی اس بات کی کوشش میں ہے کہ کسی طرح ریاستی حکومت کو کمزور کرکے ایک بار پھر کرناٹک کو اپنے قبضے میں لے ، لیکن انہیں پورا یقین ہے کہ ضمنی انتخابات میں عوام بی جے پی کی ان سازشوں کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ملک کو یہ پیغام دیں گے کہ اگلے لوک سبھا انتخابات میں مرکز کے اقتدار سے بی جے پی کے اخراج کی شروعات کرناٹک سے ہوچکی ہے۔


Share: